نیویارک : ( ویب ڈیسک ) امریکی ریاست یوٹاہ میں شہری نے بیوی کی جانب سے عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کرنے پر بیوی سمیت پورے خاندان کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکل ہائیٹ نامی شخص نے اپنی اہلیہ توشا ہائیٹ کی جانب سے عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کرنے پر اپنے 5 بچوں، اپنی ساس اور بیوی کو گولی مار کر قتل کر دینے کے بعد خود کشی کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ مشتبہ شخص نے گھر میں سات افراد کو قتل کرنے کے بعد اپنی جان لے لی، قتل ہونے والوں میں جوڑے کے پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ قتل ہونے والے بچوں میں تین لڑکیاں جبکہ دو لڑکے شامل ہیں ، لڑکیوں کی عمریں 17، 12 اور 7 سال ہیں جبکہ لڑکوں کی عمریں 7 اور 4 سال ہیں۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق 40 سالہ توشہ ہائیٹ نے 21 دسمبر کو طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی جبکہ اس کے وکیل نے جمعرات کو بتایا کہ ہائیٹ کو کاغذات 27 دسمبر کو پیش کیے گئے تھے اور اسی روز یہ واقعہ پیش آیا۔
دوسری جانب اس واقعہ نے سالٹ لیک سٹی اور لاس ویگاس کے درمیان تقریباً آدھے راستے پر جنوبی یوٹاہ کے چھوٹے سے قصبے اینوک کو ہلا کر رکھ دیا جو کہ ملک کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے علاقوں میں سے ایک ہے۔