بیت المقدس : ( ویب ڈیسک ) فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطین اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے خلاف بین الاقوامی قانوی حیثیت کے مطابق اقدامات جاری رکھے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن یویر کا مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہونا بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کی نئی پالیسی کے نفاذ کا آغاز ہے جس کا انہوں نے اعلان کیا تھا۔
فلسطینی صدر نے کہا کہ ہم واضح طور پراسرائیلی حکومت کی پالیسی کو مسترد کرتے ہیں، جسے ہم نے دنیا کے مختلف ممالک اور اسرائیل کے اندر بھی مسترد کرتے ہوئے سنا ہے۔
دریں اثنا ایک سرکاری بیان میں فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن ( پی ایل او )کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے دورے کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتے ہوئے عرب لیگ کی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم کو سیاسی طور پر اس سنگین جرم کا مقابلہ کرنے کے لیے جلد بلانے کا مطالبہ کیا۔