میکسیکو : بدنام زمانہ منشیات فروش ایل چاپو کا بیٹا گرفتار

Published On 06 January,2023 04:48 am

میکسیکو : ( ویب ڈیسک ) میکسیکو میں منشیات فروش گروہ ’’ کارٹیل ‘‘ کے سرغنہ اور بدنام زمانہ منشیات فروش ’’ ایل چاپو ‘‘ کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ملزم کے حامیوں کی جانب سے ریاست سینالووا میں پرتشدد حملوں کے دوران 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اوویڈیو گزمین لوپیز کو چھ ماہ کی نگرانی کے آپریشن کے بعد والد کے سابقہ گروہ کی قیادت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ، مسلح افواج کی طرف سے چھاپہ مار کارروائی کے بعد کلیاکان شہر میں فائرنگ اور کار جیکنگ کے واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کے مختلف واقعات میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

ریاستی گورنر نے بتایا کہ مختلف واقعات میں 18 افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ میکسیکو کی ایک ایئرلائن نے کہا کہ شہر سے اڑان بھرنے والا طیارہ ٹیک آف کی تیاری کے دوران گولیوں کی زد میں آ گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ گزمین لوپیز پر اپنے والد کے بدنام زمانہ گروہ کے ایک دھڑے کی قیادت کرنے کا الزام ہے جو دنیا میں منشیات کی سمگلنگ کرنے والی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک ہے، ملزم کو پکڑنے کے لیے کی جانے والی کارروائی کو امریکی حکام کی حمایت حاصل تھی جبکہ ملزم کو میکسیکو سٹی میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ گرفتاری امریکی صدر جو بائیڈن کے اگلے ہفتے شمالی امریکہ کے رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے میکسیکو کا دورہ کرنے سے چند روز قبل ہوئی ہے۔

میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 2019 میں گوزمین لوپیز کو گرفتار کیا تھا لیکن اسکے حامیوں کے تشدد کے خطرے سے بچنے کے لیے رہا کر دیا تھا۔

Advertisement