چین میں تین سال بعد کورونا سے متعلق تمام سفری پابندیاں ختم

Published On 08 January,2023 03:33 pm

بیجنگ : (ویب ڈیسک ) چین نے لگ بھگ 3 سال بعد آج( اتوار) سے کورونا وائرس کی وبا سے متعلق سفری پابندیوں کو ختم کردیا ۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں سرحدوں کو کھول دیا گیا ہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والے چینی مسافروں کے لیے کووڈ ٹیسٹ اور قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

چین کی زیرو کووڈ پالیسی کی بیشتر پابندیاں پہلے ہی ختم کر دی گئی تھیں اور اب آخری مرحلے میں سرحدوں کو بیرون ملک سے آنے والے چینی شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔

چین کے نئے قوانین کے تحت اولین پروازیں سنگاپور اور کینیڈا سے چین کے شہروں گوانگزو اور شینزن پہنچیں ، ان پروازوں میں 387 مسافر سوار تھے اور انہیں چین میں داخل ہونے کے بعد کووڈ ٹیسٹ اور قرنطینہ جیسے مراحل سے گزرنا نہیں پڑا۔

چین میں نئے قمری سال کی 40 روزہ چھٹیوں کا آغاز ہوا ہے جن میں لوگ بڑی تعداد میں اندرونِ ملک سفر کرتے ہیں، اسے دنیا کی سب سے بڑی سالانہ نقل و حرکت کہا جاتا ہے ، سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ چھٹیوں کے بعد نصف صدی میں پہلی بار سب سے زیادہ متاثر ہونے والی 17 کھرب ڈالر کی چینی معیشت پھر سے بحالی کی جانب گامزن ہو جائے گی۔

چین کی جانب سے دسمبر میں کوویڈ 19 کی روک تھام کے لیے عائد کی جانے والی سخت پابندیوں کو بتدریج ختم کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

 گذشتہ ہفتوں میں چین نے اپنی وباء پالیسی کو تبدیل کر کے قرنطینہ پابندیاں ختم کر دی تھیں ۔

Advertisement