ٹوکیو : (ویب ڈیسک ) جاپان کے مختلف حصوں میں طوفان کے باعث شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، برفباری سے ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں ریکارڈ برفباری ، حکومت کی جانب سے وارننگ جاری کردی گئی ، ٹوکیو میں رواں سال کی پہلی برف باری ہوئی، جاپان کے شہر منی وا میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 36 انچ برف پڑی ہے جبکہ کوسا میں آج صبح درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید برفباری اور طوفان سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ، وسطی جاپان میں برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیاں ، ٹرک کافی دیر تک سڑکوں پر پھنسے رہے ۔
جاپان کے شمالی حصے میں ڈومیسٹک ایئر لائنز کی 300 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں جبکہ حد نگاہ متاثر ہونے سے بلٹ ٹرین سروس بھی معطل اور تاخیر کا شکار ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں کل تک درجہ حرارت مزید نیجے گرسکتا ہے جو کہ صدی کا سب سے کم درجہ حرارت ہوسکتا ہے ۔
خبر ایجنسی کے مطابق مغربی جاپان سے شمالی جاپان تک برف باری کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ 126 کلومیٹر کی رفتار تک ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔