واشنگٹن: (ویب ڈیسک)ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیل اور امریکا نے مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور امریکا کے طیاروں نے فلسطین کے صحرائے النقب میں مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا جس میں 140 سے زائد لڑاکا طیارے، ایک درجن بحری جہاز اور میزائل لانچرز حصہ لیں گے۔
اسرائیلی اخبار کی کی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران امریکی لڑاکا طیارے صحرائے النقب میں اہداف کو 100 ٹن دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی جوہری تنصیبات اسرائیل کے نشانے پر
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اہداف ایران کے جوہری تنصیبات کے ماڈل کی طرز پر بنائے گئے ہیں اور ان مشقوں کا مقصد ایران کے جوہری تنصیبات پر بمباری کی مشق کرنا ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے اسرائیلی فوج کے ساتھ مشترکہ مشقیں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کی علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی اپنی افواج کی جنگی تیاریوں کو بہتر کرنا ہے۔