قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ ، خاتون سمیت9 فلسطینی شہید

Published On 27 January,2023 06:38 am

بیت المقدس : ( ویب ڈیسک ) مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 61 سالہ خاتون سمیت 9 فلسطینی شہید جبکہ 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تقریباً دو دہائیوں میں جینن پناہ گزین کیمپ پر کئے جانے والے اسرائیلی فوج کے سب سے مہلک حملے میں 9 فلسطینی شہید جبکہ 15 سے زائد زخمی ہو گئے ، صیہونی فوجیوں نے کیمپ میں فائرنگ، دستی بموں اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ بھی کی۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں ایک 61 سالہ خاتون بھی شامل ہے، جینن ہسپتال کے حکام نے خاتون کی شناخت مگدا عبید کے نام سے کی ہے، فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق زخمی لوگ مسلسل ہسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز ایمبولینس اور طبی عملے کے کام میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ایک ہسپتال کے اندر بھی آنسو گیس کے گولے فائر کیے جس سے بچوں اور دیگر افراد کو دم گھٹنے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی ( PA ) کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے اعلان کیا کہ اتھارٹی مغربی کنارے کی ہلاکتوں کے تناظر میں اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی کوآرڈینیشن کو روک دے گی، انہوں نے جمعرات کی ہلاکتوں کی بین الاقوامی فوجداری عدالت سے تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

فلسطینی وزیر اعظم محمد شطیہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور بچوں، نوجوانوں اور خواتین کے خون بہانے کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں۔