اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چودھری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے بھارت پر زور ڈالے جس کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیا گیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے پاکستانی قونصلیٹ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زاہد حفیظ چودھری نے کشمیری رہنماؤں کی رہائی اور مقبوضہ وادی میں جغرافیائی تبدیلیوں کے خاتمہ کا بھی مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی مقابلوں میں معصوم کشمیریوں کے ایکسٹرا جوڈیشل قتل، نام نہاد سرچ آپریشنز کو فوری طور پر بند کرے اور کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق کو بحال کیا جائے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کشمیری عوام کے جائز حق خود ارادیت کی جدوجہد کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے حوالہ سے پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی مکمل معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیمینار میں آسٹریلیا کی پارلیمان کے اراکین ، صحافیوں، تعلیمی ماہرین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری نے بھرپور شرکت کی، سیمینار کے نمایاں مقررین میں سینیٹر ڈیوڈ شوبریگ، سینیٹر ڈاکٹر مہرین فاروقی، سابق سینیٹر اور انسانی حقوق کی کارکن لی رینان اور آسٹریلیا کی اسلامک کونسل فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر رطب جنید بھی شامل تھے۔
مقررین نے غیرقانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا، انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں سینیٹر ڈیوڈ شوبریگ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کا تحفظ پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پر تجارتی اور سیاسی مفادات کو فوقیت نہیں دی جاسکتی، مختلف ممالک کے باہمی تعلقات مشترکہ انسانی اقدار پر مشتمل ہوتے ہیں۔ 5 اگست 2019 کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کے حوالہ سینیٹر مہرین فاروقی نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سنگین انسانی بحران پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے تنازع کشمیر کے حل کیلئے آواز بلند کرے۔
لی رینان نے غیرقانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے حوالہ سے آگہی میں وسعت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے عالمی معاونت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضہ دنیا بھر میں طویل ترین قبضہ اور قتل و غارت کی تاریخ ہے۔
ڈاکٹر رطب جنید نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کالونی ازم کی جدید شکل ہے، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی حق ارادیت کی درست جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔