کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت میں بسنے والے غیرملکیوں کیلئے بُری خبر سامنے آئی ہے ، جس کے مطابق کویتی حکومت نے اپنے ہاں پائے جانے والے آبادیاتی عدم توازن کو ختم کرنے کیلئے نئے ضوابط کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے نئے ضوابط میں سکیورٹی ایجنسیوں میں ملازمتوں کو صرف شہریوں تک محدود کرنے کے اقدامات شامل ہیں، اس کے علاوہ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق غیر ملکیوں کیلئے ایک پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان ضابطوں کے نفاذ سے متعلق فیصلے جاری کرتے وقت غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کی بنیاد پر قومیتوں کے تعین، تعلیم اور عمر جیسے عوامل کی بنیاد پر ان کی درجہ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
میڈیا کے مطابق ان ضوابط کا مقصد بعض شعبوں میں غیرملکیوں کی بھرتی کو روکتے ہوئے کویتی ملازمین کی بھرتی کو بڑھانا ہے، اسی طرح تعلیمی پیداوار کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک کرنا اور آبادی سے متعلق سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ کویتی وزارت تربیت نے 17 مارچ 2023 کو ایک ہزار 815 غیر ملکی اساتذہ کی ملازمت ختم کرکے ان کی جگہ کویتی تعینات کیے ہیں۔