اسرائیل میں انتشار خطرناک اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے: گیلنٹ

Published On 27 March,2023 07:16 pm

تل ابیب : (ویب ڈیسک)اسرائیل میں عدالتی نظام میں ترمیم کے منصوبے سے پیدا ہونے والے بحران کے درمیان برطرف وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ملک کو درپیش سیکیورٹی خطرات سے خبردار کردیا۔

القدس میں کنیسٹ ہیڈ کوارٹرز میں خارجہ امور اور سلامتی کمیٹی کے سامنے ایک بند اجلاس میں یووگیلنٹ نے کہا کہ اسرائیلی معاشرے میں گہری دراڑ ملک کے دشمنوں کو ملک کی سلامتی اور فوج کے خلاف کارروائی کرنے پر آمادہ کر سکتی ہے۔

وزیر اعظم نیتن یاھو نے گزشتہ روز گیلنٹ کو وزارت دفاع کے عہدہ سے برطرف کردیا تھا، اس اقدام پر ملک بھر میں غم و غصہ میں اضافہ ہوگیا ہے، گیلنٹ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی بین الاقوامی حیثیت داؤ پر لگی ہوئی ہے۔

اسرائیل میں بڑے مظاہروں کے باوجود کنیسٹ آئینی کمیٹی نے دوسری اور تیسری ریڈنگ میں عدالتی ترامیم کی منظوری کا اعلان کیا ہے، ان ترامیم کو آج توثیق کے لیے پارلیمنٹ کی میز پر پیش کیا جائے گا۔
 

Advertisement