پوپ فرانسس سانس کے انفیکشن کے باعث ہسپتال میں داخل

Published On 30 March,2023 06:46 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سانس کے انفیکشن کے باعث ہسپتال میں داخل ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ویٹیکن سٹی کے ترجمان نے بتایا کہ پوپ فرانسس کو سانس کا انفیکشن ہے اور انہیں روم کے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں وہ علاج کی غرض سے کچھ دن گزاریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ 86 سالہ پوپ فرانسس کو حالیہ دنوں میں سانس لینے میں دشواری کا مسئلہ پیش آ رہا تھا ، وہ کورونا وائرس میں مبتلا نہیں تھے، انہوں نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے صحت کے حوالے سے پیغام بھیجیے اور انکی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پوپ فرانسس کے لیے یہ سال کا مصروف ترین ماہ ہے جس میں انہوں نے ایسٹر ویک اینڈ سے قبل بہت سی تقریبات میں شرکت کرنی ہے اور وہ اپریل کے آخر میں ہنگری کا بھی دورہ کرنے والے ہیں۔

دوسری جانب اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے لوگوں سے پوپ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔

خیال رہے کہ پوپ فرانسس گھٹنے کی تکلیف میں بھی مبتلا ہیں جس کے باعث انہوں نے حالیہ مہینوں میں نقل و حرکت کے لئے وہیل چیئر کا استعمال شروع کیا اور انہوں نے 2021 میں بڑی آنت کے مرض کے علاج کے لیے سرجری بھی کروائی تھی۔

پوپ اپنی بیماریوں کے باوجود متحرک رہے اور بیرون ملک دورے بھی کر چکے ہیں، انہوں نے فروری میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو اور جنوبی سوڈان کا دورہ کیا تھا۔

Advertisement