امریکا : آرکنساس میں طوفان نے تباہی مچادی، 2 افراد ہلاک

Published On 01 April,2023 07:51 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکا کی وسطی ریاست آرکنساس میں طوفان نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں کم از کم 2 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان کے باعث کئی عمارتوں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیاں اُلٹ گئیں ، درخت اکھڑ گئے اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

گورنر سارہ ہکابی سینڈرز نے کہا کہ ٹینیسی کی سرحد کے قریب لٹل راک سے تقریباً 100 میل (160 کلومیٹر) مشرق میں آرکنساس کے علاقے میں طوفان نے کم از کم دو افراد کی جان لے لی۔

میئر فرینک سکاٹ جونیئر نے بتایا کہ لٹل راک میں لگ بھگ 30 زخمی افراد کو فائر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ایمرجنسی اہلکاروں نے طبی امداد کے لئے ہسپتالوں میں منتقل کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہر کے مغربی سرے کے کئی علاقے طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں نارتھ لٹل راک کے ملحقہ قصبے میں واقع بیپٹسٹ ہیلتھ میڈیکل سینٹر نے 11 زخمیوں کے علاج کی تصدیق کی جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے جبکہ مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن نے نارتھ لٹل راک میں طوفان سے ایک ہلاکت کی اطلاع دی لیکن اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

Advertisement