نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو آج پنجاب کی پٹیالہ جیل سے رہا کیا جائے گا۔
پنجاب کانگریس کے سابق سربراہ کو سپریم کورٹ نے 34 برس پرانے روڈ ایکسیڈنٹ کے کیس میں ایک برس جیل کی سزا سنائی تھی تاہم جیل حکام کے مطابق 59 سالہ سیاست دان کو ان کے حسن سلوک کی وجہ سے قبل از وقت رہا کر دیا جائے گا، ان کی جیل سے رہائی 16 مئی کو شیڈولڈ تھی۔
گزشتہ روز سدھو کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ہر کسی کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کل سردار نوجوت سنگھ سدھو پٹیالہ جیل سے رہا ہو جائیں گے۔
This is to inform everyone that Sardar Navjot Singh Sidhu will be released from Patiala Jail tomorrow.
— Navjot Singh Sidhu (@sherryontopp) March 31, 2023
(As informed by the concerned authorities).
دوسری جانب پنجاب کے وزیر شنکر جمپا کا کہنا تھا کہ حکومت کو کانگریس رہنما کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے، جن قیدیوں کی سزا پوری ہو چکی ہے ان کی رہائی کے معاملے کو کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
خیال رہے کہ سدھو نے ریاستی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد پنجاب کانگریس کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کے کینسر میں مبتلا ہونے انکشاف ہوا تھا، انہیں دوسرے سٹیج کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔