یو ایس ہاؤس سپیکر کی تائیوان کی صدر سے ملاقات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی

Published On 06 April,2023 04:26 pm

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) یو ایس ہاؤس سپیکر کیون میکارتھی اور تائیوان کی صدر تسائی وین کی ملاقات کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔

چین نے آبنائے تائیوان میں اپنا دوسرا بحری بیڑہ روانہ کر دیا جبکہ تائیوان نے بھی نگرانی کیلئے جنگی طیارے روانہ کر دیے ہیں۔

تائیوان کے وزیر دفاع چاو کیو چینگ نے کہا ہے کہ چین کا دوسرا بحری بیڑہ ان کی سرحد سے صرف 370 کلومیٹر دور ہے، تائیوان کی فضائیہ سرحدوں پر چین کی نقل و حمل پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب چین کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ پیپلز لبریشن آرمی چین کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہے، جنگی مشقوں کا مقصد دنیا کو آگاہ کرنا ہے کہ قومی خود مختاری و سلامتی کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔