امریکی صدر جوبائیڈن کا دوبارہ الیکشن لڑنے کا ایک اور اشارہ

Published On 11 April,2023 07:12 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ الیکشن لڑنے کا ایک اور اشارہ دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ الیکشن لڑنے کا دوبارہ منصوبہ بنا رہے ہیں لیکن ابھی تک اس بارے اعلان کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

بائیڈن نے پہلے کہا تھا کہ ان کا ارادہ ہے کہ وہ مزید چار سال کی مدت کے لئے انتخابات میں حصہ لیں۔

گزشتہ سال نومبر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جوبائیڈن نے دوبارہ صدر بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ سال کے آخر کی چھٹیوں میں اپنے خاندان کے ساتھ اس معاملے پر بات کریں گے، وائٹ ہاؤس کے عملے نے مشورہ دیا تھا کہ اعلان فروری کے اوائل میں کیا جا سکتا ہے لیکن پھر ممکنہ تاریخ کو اپریل تک بڑھا دیا گیا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بائیڈن اس وقت تک انتظار کر سکتے ہیں جب تک کہ نیا فنڈ ریزنگ مرحلہ جولائی میں شروع نہیں ہوتا تاکہ وہ عوامی طور پر ظاہر کرنے سے پہلے عطیات جمع کر سکیں۔

2024 کی ڈیموکریٹک صدارتی نامزدگی کے لیے فی الحال دو امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے جن میں ماریان ولیمسن اور رابرٹ کینیڈی جونیئر کا نام شامل ہے۔

ان کی پارٹی میں کسی مضبوط حریف کی کمی نے بائیڈن کو یہ صلاحیت فراہم کی ہے کہ وہ بغیر کسی بیرونی دباؤ کے کسی بھی رسمی اعلان کا وقت طے کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ 80 سالہ بائیڈن پہلے ہی امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں اگر وہ دوبارہ انتخاب جیتتے ہیں تو اپنی دوسری مدت کے اختتام پر ان کی عمر 86 سال ہو گی۔