پینٹاگون کی لیک دستاویزات امریکی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں : حکام

Published On 11 April,2023 05:22 am

واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی خفیہ دستاویزات کا لیک ہونا قومی سلامتی کے لیے ’ انتہائی سنگین ‘ خطرہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دستاویزات میں یوکرین جنگ کے ساتھ ساتھ چین اور امریکی اتحادیوں کے بارے میں بھی حساس معلومات شامل ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ فائلیں سینئر لیڈروں کو جاری کردہ دستاویزات کی طرح کی شکل میں ہیں اور لیک کے ذریعہ کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

دستاویزات سب سے پہلے آن لائن پلیٹ فارمز جیسے ٹویٹر، 4chan اور ٹیلی گرام کے ساتھ ساتھ ویڈیو گیم ’ مائن کرافٹ ‘ کے لیے ڈسکارڈ سرور پر سامنے آئیں۔

یوکرین جنگ کے بارے میں انتہائی تفصیلی معلومات کے علاوہ، کچھ لیک ہونے والی دستاویزات کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ امریکی اتحادیوں سے متعلق حساس بریفنگ مواد پر روشنی ڈالتی ہیں، حکام کے مطابق دستاویزات میں شاید کچھ رد و بدل کر دی گئی ہے۔

دیگر دستاویزات میں مبینہ طور پر مشرق وسطیٰ کے ساتھ ساتھ ہند، بحرالکاہل کے خطے میں دفاع اور سلامتی کے مسائل پر توجہ دی گئی ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے کہا کہ یہ دستاویزات قومی سلامتی کے لیے بہت سنگین خطرہ ہیں اور ان میں غلط معلومات پھیلانے کی صلاحیت ہے، ہم ابھی تک اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ کیسے لیک ہوئی ہیں۔

سیکرٹری برائے دفاع برائے عوامی امور کے معاون کرس میگھر نے کہا کہ اس قسم کی معلومات کو کس طرح اور کس کو تقسیم کیا جاتا ہے اس پر گہری نظر رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

میگھر نے کہا کہ دستاویزات کا فارمیٹ اس سے ملتا جلتا ہے جو یوکرین اور روس سے متعلق کارروائیوں کے ساتھ ساتھ دیگر انٹیلی جنس معلومات کے بارے میں ہمارے سینئر رہنماؤں کو روزانہ اپ ڈیٹ فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پینٹاگون کو سب سے پہلے پچھلے ہفتے دستاویز کے لیک ہونے کا علم ہوا، جبکہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے پہلی بار 6 اپریل کو اس معاملے پر بریفنگ دی۔

ایک الگ بریفنگ میں قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو اس لیک کے بارے میں گزشتہ ہفتے سب سے پہلے بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ محکمہ انصاف اب پینٹاگون، وائٹ ہاؤس اور امریکی حکومت کے دیگر محکموں کے اہلکاروں سے دستاویزات لیک ہونے کی تحقیقات کر رہا ہے۔