سوڈانی فوج جنگ بندی میں 72 گھنٹے کی توسیع پر رضامند

Published On 01 May,2023 09:34 am

خرطوم : (ویب ڈیسک ) سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں ، فوج جنگ بندی میں مزید 72 گھنٹے کی توسیع کیلئے رضامند ہوگئی۔

سوڈان میں متحارب افواج نے اتوار کے روز ایک دوسرے پر جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے لیکن دونوں فریقوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے باضابطہ معاہدے کی مدت اتوار کی نصف شب ختم ہونے والی تھی مگر اب اس میں مزید 72 گھنٹےکی توسیع کی جائے گی۔

سوڈانی فوج کے مطابق پیراملٹری فورسز کے ساتھ 72 گھنٹوں کی جنگ بندی پر راضی ہیں، امید ہے کہ باغی جنگجو جنگ بندی کا احترام کریں گے۔

آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ بین الاقوامی،علاقائی اور مقامی سطح پرمطالبات کے بعد کیا گیا ہے۔

15 اپریل کو سوڈانی فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اقتدار کی کشمکش کے نتیجے میں لڑائی شروع ہوئی تھی اوراس میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

سوڈان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ لڑائی میں 528 افراد ہلاک اور 4599 زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان سے اب تک 45 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ لڑائی جاری رہی تو 2 لاکھ 70 ہزار افراد ملک چھوڑ سکتے ہیں۔