برطانیہ: ہیلتھ ورکرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات طے پا گئے

Published On 02 May,2023 08:42 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) اور حکومت کے درمیان تنخواہوں کا تنازع طے پا گیا۔

برطانوی میڈیارپورٹس کے مطابق حکومت نے 10 لاکھ سے زائد ورکرز کی تنخواہوں میں 5 فیصد اضافے کی پیشکش کی جسے این ایچ ایس یونینز نے قبول کرنے کی حمایت کردی تاہم کچھ یونینز نے اب بھی ڈیل سے اتفاق کرنے سے گریز کیا ہے۔

برطانوی وزیر صحت اسٹیو بارکلے کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی آخری آفر اور نیشنل ہیلتھ سروسز حکام اور ورکرز یونین کے نمائندگان پر مشتمل کونسل کا فیصلہ تھا۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ یہ ایک مناسب پیشکش تھی تاہم کچھ یونینز اب بھی اس سے اختلاف کرتی ہیں، ہمیں امید ہے کہ وہ بھی اپنے ساتھی ورکرز کے مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے اس ڈیل کی اہمیت سمجھیں گے اور احتجاج کا فیصلہ واپس لیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور یونینز کے درمیان طے شدہ ڈیل کے تحت ایمبولینس ورکرز، نرسوں، فزیو اور پورٹرز کو 1,655 پاؤنڈ کی اضافی رقم بھی ملے گی۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈیل سرکاری حکام اور 14 یونینز کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات میں طے پائی ہے تاہم رائل کالج آف نرسنگ (آر سی این) اور دیگر 2 یونینز نے حکومتی ڈیل سے سے اختلاف کرتے ہوئے مزید ہڑتالوں کی دھکمی دی ہے۔