ایران: پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپوں میں 6 ایرانی فوجی جاں بحق

Published On 21 May,2023 08:36 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے شورش زدہ جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں مسلح گروہ سے تصادم کے باعث 6 ایرانی سرحدی گارڈز مارے گئے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق پاکستانی سرحد کے قریب ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے نامعلوم مسلح گروپ کے ساتھ جھڑپ میں 6 ایرانی سرحدی محافظ چل بسے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اتوار کو ہونے والا یہ حملہ ایک دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے کیا ہے جو ملک میں دراندازی کرنا چاہتا تھا لیکن جھڑپ کے بعد وہ سرحد پار بھاگ گیا۔

یہ لڑائی تہران سے 1,360 کلومیٹر جنوب مشرق میں جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے قصبے سراوان میں ہوئی، رپورٹ میں کہا گیا کہ عسکریت پسند جانی نقصان کے ساتھ علاقے سے فرار ہو گئے، تاہم اس کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔

یہ علاقہ ایران کے سب سے کم ترقی یافتہ حصوں میں سے ایک ہے، اس علاقے میں طویل عرصے سے حالات خراب ہیں۔

Advertisement