ایران نے سعودی عرب کوکبھی دشمن نہیں سمجھا: ابراہیم رئیسی

Published On 18 May,2023 08:46 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران نے کبھی سعودی عرب کو اپنا دشمن نہیں سمجھا اور اسرائیل تمام مسلم ممالک کا مشترکہ دشمن ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدرابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہم نے کبھی سعودی عرب کو اپنا دشمن نہیں سمجھا۔اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کی بنیاد پرہم صہیونی نظام کو عالم اسلام کا مشترکہ دشمن سمجھتے ہیں۔

سعودی عرب اورایران نے مارچ میں چین کی ثالثی سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کااعلان کیا تھا اور دونوں ملکوں نے سات سال کے وقفے کے بعد دوطرفہ تعلقات بحال کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودیہ ایران تعلقات کی بحالی سے خطے کی مساوات تبدیل ہوگی : ابراہیم رئیسی

اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ہاں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل طے شدہ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پرعمل درآمد پراتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔

رواں ماہ کے اوائل میں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نےبتایاتھا کہ سعودی عرب نے تہران میں اپنے نئے سفیرکا تقررکردیا ہے اور ایران بھی جلد الریاض میں اپنا نیا سفیر مقرر کردے گا۔ 

Advertisement