کابل : (دنیانیوز) افغانستان کے شمالی علاقے میں امریکی ساختہ فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
افغان وزارت دفاع کے مطابق ایم ڈی 530 ہیلی کاپٹر سمنگان کے ضلع خولم میں بجلی کے ایک کھمبے سے ٹکرا کرتباہ ہوا ۔
خیال رہے کہ گزشتہ ستمبر میں افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد طالبان حکومت کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کابل میں تربیتی سیشن کے دوران میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ اور عملہ کا ایک رکن ہلاک ہوگیا تھا۔۔
اگست 2021ء میں افغانستان سے انخلا کے وقت امریکی فوج اپنے پیچھے اربوں ڈالر مالیت کے طیارے، ہیلی کاپٹر،گاڑیاں، ہتھیار اور دیگر سازوسامان چھوڑ گئی تھی لیکن طالبان کے ملک پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے سے قبل سابق افغان حکومت کی افواج کے پائلٹ امریکی ساختہ کچھ ہیلی کاپٹروں کو اڑا کر وسط ایشیائی ممالک میں لے گئے تھے۔
طالبان حکام نے گذشتہ کچھ عرصے کے دوران میں مال غنیمت میں ملنے والے ہیلی کاپٹروں سمیت کچھ طیاروں کی مرمت میں کامیابی حاصل کی ہے ، ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اب انھیں سابق افغان افواج کے پائلٹ اڑاتے ہیں۔
طالبان حکومت نے گزشتہ برس 31 اگست کو ایک فوجی پریڈ میں سازوسامان کی نمائش کی تھی اور اقتدار میں واپسی کی پہلی سال گرہ منائی تھی۔