کیف: (ویب ڈیسک) صدر زیلنسکی نے یوکرینی شہر بخموت کو کھونے کا اعتراف کرلیا۔
روس کے نیم فوجی جنگجو گروپ ویگنر نے ہفتے کے روز یوکرین کے شہر بَخموت پرمکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا، روسی صدر پوٹین نے اس حوالے سے ویگنر اور روسی افواج کو مبارکباد بھی دے دی ہے۔
اب یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی اعلان کردیا ہے کہ یہ ممکنہ سٹریٹجک اہمیت کا شہر ان کی افواج کے کنٹرول سے نکل گیا ہے، زیلنسکی نے مزید کہا کہ بَخموت مکمل طور پر تباہ ہو چکا اور شہر میں بہت کم تعمیر شدہ عمارتیں باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روس کے ویگنرگروپ کا یوکرینی شہر بخموت پر قبضے کا دعویٰ
یوکرینی صدر نے اتوار کو جاپان میں جی سیون سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر بائیڈن سے ملاقات سے قبل صحافیوں کے ایک سوال کے جواب میں روس کی جانب سے بَخموت کو ہونے والے نقصان کی تصدیق کی، انہوں نے کہا "میرا یقین ہے کہ آج صرف ہمارے دلوں میں بَخموت ہے۔"
یہ اعلان روسی صدر پوتین کی جانب سے بَخموت کو کنٹرول کرنے پر ویگنر گروپ اور روسی فوج کو مبارکباد دینے کے بعد سامنے آیا ہے، پوٹین کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ آپریشن میں حصہ لینے والوں کے ناموں کا ظاہر کیا جائے اور انہیں اعزازی تمغوں سے نوازا جائے۔