جدہ: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی 32 ویں عرب لیگ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
زیلنسکی جمعہ کے روز فرانس کے سرکاری طیارے میں پولینڈ سے جدہ کے لیے روانہ ہوئے تھے، عرب لیگ سربراہی اجلاس میں ان کی بطور مہمان خصوصی شرکت روس یوکرین بحران کے حل کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یوکرین کے صدر نے سعودی عرب پہنچنے کے بعد کہا کہ وہ سعودی عرب کے اپنے پہلے دورے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیحات میں یوکرین کے امن فارمولے پر بات کرنا ہے جس میں ان کے ملک کے خلاف روس کی جنگ کے خاتمے، یوکرین میں مسلم کمیونٹی کے تحفظ اور روس کی طرف سے الحاق شدہ کریمیا سے سیاسی قیدیوں کی واپسی پر بات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے بار بار کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا ہے اور پرامن حل تک پہنچنے کے لیے متحارب فریقوں کے درمیان ثالثی کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے،رواں سال فروری میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کیف کے دورے کے دوران زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔