چین کے خصوصی نمائندے کا دورہ یوکرین، وزیر خارجہ سے ملاقات

Published On 18 May,2023 05:58 am

کیف : ( ویب ڈیسک ) چین کے خصوصی نمائندے اور روس میں سابق سفیر لی ہوئی نے یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ملاقات کی ہے جس کے دوران یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق گفتگو کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ یوریشین امور کے لیے چین کے خصوصی نمائندے اور روس میں سابق سفیر لی ہوئی نے وفد کے ہمراہ یوکرین کا دو روزہ دورہ کیا اور یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران یوکرین کے وزیر خارجہ نے چینی وفد پر واضح کیا کہ وہ روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کیلئے کسی ایسی تجویز کو قبول نہیں کریں گے جس میں اس کے مقبوضہ علاقے روس کو دینے پر زور دیا جائے۔

دیمیٹرو کولیبا نے چینی حکومت کے خصوصی نمائندے کو یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی پائیدار اور منصفانہ امن کی بحالی کے اصولوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ یورپی ممالک نے چین سے اپیل کی تھی کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

لی کا یورپی دورہ چین کے صدر شی جن پنگ کے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی سے وعدے کے تین ہفتے بعد ہوا ہے جبکہ چین کے سینئر عہدیدار کے دورہ یورپ میں روس، پولینڈ، فرانس اور جرمنی میں مذاکرات بھی متوقع ہے۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ لی کے دورے سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین یوکرین کے بحران کے سیاسی حل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے باقی دنیا کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

Advertisement