جارج ٹاؤن: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک گیانا کے مہدیہ سیکنڈری سکول کے ہاسٹل میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 20 طالبات جان کی بازی ہار گئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گیانا کے ایک سکول کے ہاسٹل میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ طلبا کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
قریبی دیہات میں رہنے والوں نے بچیوں کو بچانے کے لیے ہاسٹل کے کمروں میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم بند دروازوں اور کھڑکیوں میں لگی لوہے کی مضبوط سلاخوں کی وجہ سے اندر داخل نہیں ہوسکے۔
خراب موسم کے باوجود ریسکیو ادارے کے اہلکار امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہیں، امدادی کاموں میں 5 طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں جس میں شدید زخمیوں کو ملک کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے قبل بجلی کی آنکھ مچولی جاری تھی اور اسپارک بھی ہوا تھا، واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔