ماسکو (ویب ڈیسک) روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کی بحری افواج کے آخری بڑے جنگی جہاز کو تباہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداے کی رپورٹ کے مطابق روسی آرمی نے روزانہ کی بریفنگ میں دعویٰ کیا کہ 29 مئی کو اوڈیسا کی بندرگاہ میں ایک جہاز کے لنگر انداز ہونے والے مقام پر روسی فضائیہ کی جانب سے کیے گئے ایک حملے نے یوکرینی بحریہ کے آخری جنگی جہاز یوری اولیفیرینکو کو تباہ کر دیا ہے۔
ماسکو ٹائمز کے مطابق روسی فوج کے دعوے کی تصدیق کرنا فوری طور پر ممکن نہیں تھا اور یوکرینی حکومت نے ابھی تک اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یوکرین کی بحریہ کے ترجمان اولیگ چالک نے خاص طور پر اس دعوے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ روسی ذرائع پر توجہ نہ دی جائے۔
یوری اولیفیرینکو فوجیوں اور گاڑیوں کے لیے درمیانے درجے کا لینڈنگ جہاز ہے، اس کا پرانا نام کریووہارڈ تھا لیکن 2015 میں ماریوپول کی جنوب مشرقی بندرگاہ کے قریب مارے جانے والے یوکرینی میرین کے اعزاز میں 2016 میں اس جہاز کا نام تبدیل کر دیا گیا۔