ایران نے 7 سال بعد سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا

Published On 06 June,2023 09:48 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سات سال کے بعد ایران نے سعودی عرب میں آج اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا ہے۔

ریاض میں موجود سفارتی ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب میں سعودی عرب میں نئے تعینات ہونے والے ایرانی سفیر علی رضا عنایتی موجود تھے، ایران نے گزشتہ ماہ علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں ایرانی سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

افتتاحی تقریب میں سفارت خانے کی عمارت کے باہر ایرانی پرچم لہرایا گیا اور اس کے ساتھ ہی ایران کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

سعودی عرب نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کب کھولے گا اور کسے وہاں اپنا سفیر تعینات کرے گا۔

واضح رہے کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات مارچ میں بحال ہوئے تھے، کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔

10 مارچ کو طے پانے والے معاہدے کی شرائط کے اندر دونوں ممالک نے دو ماہ کے اندر نئے سفیروں کی تعیناتی اور اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔ 

Advertisement