واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اگلے ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ امریکا کے اعلیٰ سفارت کار 6 جون سے شروع ہونے والے اپنے دورے کے دوران سعودی حکام سے ملاقات کریں گے اور خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی ) کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
بلنکن کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو گا جب سعودی عرب اور امریکا جدہ میں جاری مذاکرات میں سوڈان کے متحارب جرنیلوں کے درمیان پائیدار جنگ بندی کی کوشش کر رہے ہیں۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان میٹ ملر نے کہا کہ سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن 6 سے 8 جون کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور وہ سعودی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ علاقائی اور عالمی مسائل پر امریکا، سعودی سٹریٹجک تعاون اور اقتصادی اور سیکورٹی تعاون سمیت متعدد دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
بلنکن خلیجی شراکت داروں کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون اور وہ کس طرح مشرق وسطیٰ میں سلامتی، استحکام، تناؤ میں کمی، علاقائی انضمام اور اقتصادی مواقع کو فروغ دے سکتے ہیں ان امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی ) کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
میٹ ملر کا مزید کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان داعش کو شکست دینے کے حوالے سے عالمی اتحاد کے وزارتی اجلاس کی مشترکہ میزبانی بھی کریں گے۔