ہوانا : (دنیا نیوز) کیوبا میں وسطی اور مشرقی علاقوں میں شدید بارش اور طوفان نے تباہی مچادی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جزیرے کے وسطی اور مشرقی علاقوں کے قصبے سیلاب میں ڈوب گئے، ندی نالوں میں طغیانی آنے سے کئی پل منہدم ہوگئے اور دیہاتوں کا آپس میں میں رابطہ منقطع ہوگیا ۔
کیوبا کی حکومت نے سیلاب کے ہولناک مناظرجاری کیے ہیں ان واقعات میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے، سیلاب سے ہزاروں کھیت زیر آب آنے سے کسانوں کی تیار فصلیں بھی تباہ ہو گئی جبکہ مسلسل بارش اور سیلاب سے درجنوں گھرتباہ ، متعدد کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔
سیلابی پانی سے گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہں اور سینکڑوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ ہیلی کاپٹر اور کشتیوں میں ریسکیو اور فوجی اہلکاروں کی جانب سے امداد ی کارروائیاں جاری ہیں ، امدادی ٹیموں کو سامان کی تقسیم میں دشواری کا سامنا ہے ۔
خیال رہے کہ رواں ماہ سیلاب سے صومالیہ میں بھی 21 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 100 ہزار افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک کے جنوب میں گیڈو میں خشک سالی سے متاثرہ باردھیرے علاقے میں طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب نے ایک لاکھ افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔