نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف مہلک طاقت (جدید ہتھیار) کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
اسرائیلی فورسز نے پیر کے روز جنین پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول کر دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کیمپ پر حملے میں اسرائیل کی جانب سے مہلک ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں بچوں سمیت کم از کم 7 فلسطینی جاں بحق ہوئے تھے، ایسی صورتحال میں مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد کے بے قابو ہونے کا خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے پیر کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر حملے کے دوران ہیلی کاپٹر گن شپ کا استعمال بھی کیا تھا جس سے کیمپ تباہ ہوگیا، اسرائیلی حملے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 90 افراد زخمی ہوئے تھے۔