ریاض: (ویب ڈیسک ) سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ محمد البسامی نے کہا ہے کہ مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ، عرفات) مستقبل میں سمارٹ زون ہوں گے۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سعودی اتھارٹی (سدایا) کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت کے ذریعے حج سکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج 2023 کو فول پروف بنانے کے لیے سکیورٹی سکیمیں تیار ہیں، بدامنی کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا اور عازمین کی سلامتی اور نقصان پہنچانے والی ہر سرگرمی کو روکا جائے گا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ اور حج سکیورٹی فورسز کے سربراہان نے سکیورٹی، ٹریفک اور تنظیمی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں " جرائم کے انسداد کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا، جیب تراشی سے نمٹنا اور کسی بھی منفی مظاہر سے جو عازمینِ حج کی سلامتی اور حفاظت کو متاثر کرتا ہے" شامل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام اور دیگر مقدس مقامات پر عازمین کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت مکہ کے داخلی راستوں، مقدس مقامات اور ان کی طرف جانے والی سڑکوں پر سکیورٹی کنٹرول سینٹر ٹریفک کو کنٹرول کریں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔