کاراکاس : ( ویب ڈیسک ) وینزویلا نے برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ’’ برکس ‘‘ گروپ میں شمولیت کے لئے باضابطہ درخواست دائر کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا نے ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس کی رکنیت کیلئے باضابطہ طور پر درخواست دی ہے اور اس حوالے سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر مثبت فیصلے کی توقع کر رہے ہیں۔
نکولس مادورو کا کہنا تھا کہ ہم نے برکس میں شامل ہونے کے لیے ایک درخواست دائر کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس درخواست کو منظور کر لیا جائے گا، ہمیں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ سے وینزویلا کے جلد یا بدیر برکس کا رکن بننے کے لیے مثبت ردعمل کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ برکس ایک نئی دنیا کی تعمیر میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ایک کثیر قطبی عالمی نظام کی طرف ایک متحرک راستہ ہموار کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق برکس کے پانچ رکن ممالک سے توقع ہے کہ وہ 22-24 اگست کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقد ہونے والے گروپ کے سربراہی اجلاس میں متعدد ممالک کی سرکاری رکنیت کی درخواستوں پر غور کریں گے۔