نیویارک: (دنیا نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا، سابق نائب صدر مائیک پنس اہم گواہ بن گئے۔
سابق نائب صدر مائیک پنس کا کہنا ہے کہ آئین سے ماورائے شخص کو صدر بننے کا حق نہیں، الیکشن نتائج کے روز سے ابتک ٹرمپ نے جو کہا جھوٹ کہا۔
مائیک پنس کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن نتائج الٹنے کی کوشش پر ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل قرار دیا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کیپٹل ہل کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ پر تیسری بار فرد جرم عائد کی گئی، سابق صدر پر کارسرکار میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکا کو دھوکا دینے کی سازش کا بھی الزام ہے جبکہ ان پر حقوق پامال کرنے کی سازش کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔