واشنگٹن : (دنیانیوز) امریکا میں بھی آڈیولیک کی گونج ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھی خفیہ دستاویزات اپنے پاس رکھنے سے متعلق آڈیولیک ہوگئی ۔
امریکی چینل سی این این نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خفیہ آڈیو چلا دی ، خفیہ آڈیو سال 2021 کی بتائی جا رہی ہے۔
آڈیو میں ٹرمپ اپنے سٹاف ممبرز، ایک رائٹر اور ایک پبلشر کے ساتھ خفیہ دستاویزات پراہم گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے بغیر اجازت خفیہ دستاویزات اپنی تحویل میں رکھی ہوئی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی کے حوالے سے بات کر رہے ہیں کہ جنرل مارک کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایران پر حملہ کرنا چاہتے ہیں ، ٹرمپ اس بات کا بھی اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کے پاس خفیہ دستاویزات ہیں۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حال ہی میں امریکہ کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے مساوی قانون کی خلاف ورزی میں فرد جرم عائد ہو چکی ہے ، صدر ٹرمپ کو خفیہ دستاویزات کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے اور انہیں واپس لانے کی حکومتی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کے 37 الزامات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ 77 سالہ ارب پتی سابق صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر درجنوں خفیہ دستاویزات جمع کر رکھی ہیں جس سے انہوں نے غیر قانونی طور پر فلوریڈا کے ساحل کے سامنے اپنی رہائش گاہ منتقل کیا تھا اور واپس کرنے سے انکار کرتے رہے اور تفتیش کاروں کو ان کی برآمدگی میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرتے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے حساس امریکی راز ایسے لوگوں کے ساتھ شیئر کیے جن کے پاس سیکیورٹی کلیئرنس نہیں تھی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سابق صدر کے خلاف مقدمے کی سماعت 14 اگست کو ہوگی لیکن اس میں تاخیر کا امکان ہے، ایک جج نے ابھی تک استغاثہ کی اس تحریک پر فیصلہ نہیں سنایا ہے جس میں اسے 11 دسمبر تک ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔