نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ گروپ 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم مودی سے غیر ملکی مداخلت اور خالصتان تحریک جیسے مسائل پر بات ہوئی ہے۔
نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے اختتام پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے غیر ملکی مداخلت اور خالصتان تحریک جیسے ایشوز پر کئی برسوں سے کافی بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا ہمیشہ آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج کی آزادی کا دفاع کرے گا، کینیڈا کیلئے آزادی اظہار رائے، ضمیر کی آزادی اور پرامن احتجاج کا حق بہت اہم ہے۔
جسٹن ٹروڈو کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا ہمیشہ تشدد اور نفرت کے خاتمے کے مؤقف کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، کچھ لوگوں کے اقدامات پوری کمیونٹی یا کینیڈا کی نمائندگی نہیں کرتے، ہم نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کے احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔