ریاض : (ویب ڈیسک ) امریکا اور سعودی عرب کی مسلح افواج کی مشترکہ مشق ریڈ سینڈز 23.2 اختتام پذیر ہوگئی ۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کی مسلح افواج نے رواں ہفتے الریاض میں مشترکہ فوجی مشق میں حصہ لیا ہے ، اس موقع پر مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکا کے اعلیٰ فوجی جنرل موجود تھے۔
ریڈ سینڈز(سرخ ریت) 23.2 نامی مشق بغیر پائلٹ کے ایئرکرافٹ سسٹمز (یو اے ایس) کا مقابلہ کرنے کے لیے وضع کی گئی تھی ، دونوں ملکوں کے درمیان اس نوعیت کی یہ دوسری مشترکہ فوجی مشق تھی۔
امریکا کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا اور سعودی چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض الرویلی نے اس مشق کا مشاہدہ کیا ہے ، سعودی عرب میں امریکی سفیر مائیکل ریٹنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس سے قبل امریکی فوج کے مرکزی افسر برائے تعلقاتِ عامہ (سنٹرل پبلک افیئرز آفیسر) کرنل ارمانڈو ہرنانڈیز نے عرب میڈیا کو بتایا تھا کہ اس مشق کو حقیقی دنیا کے حالات میں یو اے ایس کے توڑ کے لیے ٹیکنالوجیز کی جانچ کرنے کی غرض سے ڈیزائن کیا گیا تھا۔
مارچ میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان اس نوعیت کی پہلی مشق کی گئی تھی اور تب امریکی حکام کاکہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ خطے کے دوسرے ممالک کی افواج کے ساتھ بھی اس مشق کا اعادہ کیا جائے گا۔