سعودی عرب کی امن مذاکرات کیلئے حوثیوں کو دعوت ایک اچھا قدم ہے: وائٹ ہائوس

Published On 15 September,2023 10:42 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی دفتر 'وائٹ ہائوس' نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کے لئے حوثیوں کو مذاکرات کی دعوت کی تعریف کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران نواز حوثی ملیشیا کے ارکان سعودی عرب کی دعوت پر رواں ہفتے ریاض پہنچے ہیں جہاں پر یمنی حکومت سے مذاکرات کیے جائیں گے۔ یہ 2014 کے بعد حوثیوں کا پہلا دورہ سعودی عرب ہے۔

یمن میں حوثی باغیوں اور بین الاقوامی طور پر تسلیم کردہ یمنی حکومت کی فورسز کے درمیان جاری جنگ کے حل کی تلاش میں عمان بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے مطابق"ہم سعودی حکومت کی جانب سے یہ قدم اٹھانے اور عمان کی قیادت کی جانب سے مثبت کردار ادا کرنے پر دونوں کی تعریف کرتے ہیں۔"

جیک سلیوان کا کہنا تھا "امریکہ یمنی فریقوں اور اقوام متحدہ کے تعاون سے امن کی مساعی کے لئے سفارتی مدد فراہم کرنے کو باعث فخر سمجھتا ہے۔"