واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونے کی وجہ سے سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کا معاہدہ نہیں ہو پا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے معاہدے تک پہنچ گئے ہیں لیکن اس کی تکمیل میں فلسطین کا تنازع آڑے آ رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان کئی پیچیدہ معاملات میں ڈیڈلاک ہے جس میں سب سے اہم فلسطین کے مسئلے کا حل نہ ہونا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی اور ایک دوسرے کو سفارتی سطح پر تسلیم کرلینے سے خطے میں امن، استحکام اور ترقی آئے گی۔