دبئی : (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات نے غزہ پٹی میں جنگ سے متاثر فلسطینیوں کے لیے امدادی مہم کا اعلان کردیا ، اسی سلسلے میں ہنگامی طبی امدادی سامان سےبھرا طیارہ مصری شہر العریش بھیج دیا گیا جہاں سے امدادی سامان رفح چیک پوسٹ کے راستے غزہ بھیجا جائے گا۔
خبررساں ادارے کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ سلطان الشامسی نے کہا کہ امارات نے طبی سامان فلسطینی بھائیوں کو درپیش مشکل حالات میں مدد کی پالیسی کے تحت بھیجا ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ طبی سامان سمیت مختلف امدادی پروگرام فلسطینیوں کی مدد سے متعلق امارات کی برادرانہ پالیسی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مشکل حالات سے دوچار ہیں ، ان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی سامان بھیجا گیا ہے جسے مصر کے تعاون سے غزہ پٹی بھجوایا جائے گا تاکہ وہاں انسانی مسائل سے دوچار فلسطینی بھائی خصوصا بچوں اور خواتین کا دکھ کم کیا جاسکے۔
متحدہ عرب امارات کا امدادی مہم شروع کرنے کا اعلان
خبررساں ادارے کے مطابق امدادی مہم کی شروعات اتوار کو ابوظہبی سے ہو گی ، اس کی نگرانی اماراتی ہلال احمر کرے گی ، اس کے بعد متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں میں اس کا آغاز ہو گا۔
اس سلسلے میں انسانیت نواز فلاحی اداروں، رضاکارانہ مراکز، پرائیویٹ سیکٹر، معاشرے کے تمام طبقوں اور ذرائع ابلاغ کو شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں غزہ کے جنگ زدگان کی مدد کے لیے امدادی مہم عالمی خوراک پروگرام کے تعاون سے چلائی جائے گی جبکہ اماراتی دفتر خارجہ اور سماجی بہبود کی وزارت کے تعاون کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔