تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے اسرائیل پر حملے سے بے حد افسوس ہوا، ہم اسرائیل کےساتھ کھڑےہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے دورے پر پہنچے جہاں وزیراعظم نیتن یاہو نے ان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے ملاقات بھی کی جس میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جوبائیڈن نے کہا کہ اسرائیل آنے کا صرف ایک مقصد ہے اسرائیل کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ہم خاموشی سے نہیں بیٹھے رہ سکتے، اسرائیل کے ساتھ ہیں، حماس کے حملے میں 1300 سے زائد اسرائیلی شہری قتل کر دئیے گئے۔
امریکی صدر نے ملاقات میں اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی اور خارجہ معاملات میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ، انہوں نے کہا کہ امریکا فلسطین اور اسرائیل کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے فلسطینی حماس سے تعلق نہیں رکھتے ، حماس آئی ایس آئی ایس کا دوسرا نام ہے، دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، انسانیت سب سے پہلے ہے، دیگر ممالک اور گروہ اسرائیل پر حملے کا سوچیں بھی مت۔