جدہ : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) غزہ کی ہر لمحے بگڑتی صورتحال اور اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ہسپتال پر وحشیانہ بمباری کے بعد او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی آج طلب کرلیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی درخواست پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج او آئی سی سیکریٹریٹ میں منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان کے نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئے ہیں، اجلاس میں پاکستان سمیت سعودی عرب، ترکیے، گیمبیا، موریطانیہ اور کیمرون شرکت کرینگے، او آئی سی کے دیگر رکن ممالک بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب روس اور متحدہ عرب امارات نے منگل کو غزہ میں ایک ہسپتال پر بمباری کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
برازیل کی جانب سے غزہ جنگ کےحوالے سے پیش کردہ مسودہ قرارداد پر آج (بدھ) کے روز ووٹنگ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں :غزہ میں ہسپتال پر حملہ: اسرائیلی سفاکیت کیخلاف دنیا بھر سے آوازیں اٹھنا شروع
اقوام متحدہ میں معاون روسی سفیر دمتری پولیانسکی نے ٹیلی گرام کے ذریعے کہا کہ روس اور متحدہ عرب امارات نے غزہ میں ایک ہسپتال پر حملے کی وجہ سے 18 اکتوبر کو دوپہر سے پہلے سلامتی کونسل کا اوپن سیشن بلانے کی درخواست کی ہے ۔
قبل ازیں پیر کی شام روس کی طرف سے اسرائیل اور حماس کے درمیان "انسانی بنیادوں پر" جنگ بندی قائم کرنے کے لیے پیش کردہ ایک مسودہ قرارداد کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ فلسطین کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے، اس خوفناک بمباری میں خواتین، بچےاور پیرامیڈیک سٹاف بھی شامل ہے۔
فلسطینی محکمہ صحت کی جانب سے شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
یاد رہے لڑائی کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی مزید سخت کردی ہے جبکہ غزہ کی جانب خوراک، پانی اور ادویات کی ترسیل بھی روک دی گئی ہے۔