اسرائیلی حکومت ریڈ لائن پار کرچکی جو کارروائی پرمجبورکرسکتی ہے : ابراہیم رئیسی

Published On 29 October,2023 03:13 pm

تہران : (دنیانیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے جرائم ریڈ لائن پار کر چکے ہیں جو کسی کو بھی اس کیخلاف کارروائی پر مجبور کر سکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں ابراہیم رئیسی نے کہا کہ واشنگٹن ہمیں کچھ نہ کرنے کا کہتا ہے لیکن وہ اسرائیل کی وسیع حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے مزاحمتی اتحاد کو پیغامات بھیجے لیکن ان کا جواب انہیں واضح طور پر میدان جنگ میں ملا۔

خیال رہے کہ امریکی حکام ایران کو خبردار کرتے رہے ہیں کہ وہ اسرائیل اور حماس جنگ سے دور رہے کیونکہ وہ وسیع تر علاقائی تنازع کو روکنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیل سے حماس کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا مطالبہ

لبنان میں ایران کا حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کرتا رہا ہے۔

 واضح رہے کہ اسرائیلی بمباری میں مزید 377 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 8ہزار سے زائد سے ہوچکی ہے ،جن میں 36 سو سے زائد بچے اور 1800سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ 22 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں ۔

 غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں جمعے سے بند انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔