جنگ بندی سے حماس دوبارہ منظم ہو گی، غزہ میں حملے بند ہونے چاہئیں: انٹونی بلنکن

Published On 04 November,2023 11:23 pm

اردن: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ جنگ بندی سے حماس کو منظم ہو کر دوبارہ حملہ کرنے کا موقع مل جائے گا، غزہ میں بچوں اور عام شہریوں پر حملے بند ہونے چاہئیں۔

عرب رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم نے غزہ میں امداد کی ترسیل کو تیز کرنے کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی، غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ کے صدر کا اسرائیلی وزیراعظم سے رابطے ختم کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ امریکا کی کوشش اس تنازع کو فوری حل کرنا ہے، ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو روکنا ہے، امریکا دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ اردن ایمن صفادی نے کہا کہ قتل کو جائز قرار نہیں دیا جاسکتا، اسرائیل غزہ میں قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث ہے۔

ایمن صفادی نے مزید کہا کہ ہم سب پائیدار امن کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، تمام عرب ممالک فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، شہریوں کے قتل، مساجد اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس غزہ پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

اس موقع پر سامح شکری نے کہا کہ پورا خطہ نفرت کے سمندر میں ڈوب رہا ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہئے، مصر امداد پہنچانے کی پوری کوشش کر رہا ہے، ہم سب یہاں ایک ہی مقصد کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔