ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے شہر جدہ میں شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآن آرائیول سیاحتی ویزوں کے اجرا کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ جوازت کے تعاون سے ایئرپورٹ پرآن آرائیول ویزہ کے لیے خصوصی کاونٹرز کا افتتاح کیا گیا۔
افتتاح کے موقع پرڈائریکٹر جنرل جوازات لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز الیحیی اورایئرپورٹ اتھارٹی کے سی ای او انجینئر ایمن عبدالعزیز ابوعباہ کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدارن بھی موجود تھے۔
اس موقع پرمختصر سی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں ڈائریکٹر پاسپورٹ لیفٹیننٹ جنرل سلیمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے مملکت آنے والوں کے لیے بہترین خدمات فراہم کی جاتی ہیں، ہمارا مقصد سعودی عرب آنے والے سیاحوں کو امیگریشن کی اعلی سہولتیں فراہم کرنا ہے ۔
واضح رہے سعودی عرب سیاحتی ویزے پرآنے والوں کو عمرہ کی ادائیگی اورمسجد نبوی میں حاضری کی بھی اجازت ہوتی ہے علاوہ ازیں وہ اپنی مدت قیام کے دوران مملکت کے کسی بھی شہر میں جاسکتے ہیں۔