ریاض: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کر کے حماس اسرائیل جنگ پر تبادلہ خیال کیا۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں سربراہوں نے خطے کے استحکام کیلئے سفارتی کوششیں بڑھانے اور تنازعے کے پھیلاؤ کو روکنے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ آنے والے دنوں میں ذاتی اور اپنی ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی طریقے سے سویلینز کو نشانہ بنانے اور عام لوگوں کی زندگیوں سے متعلق انفرااسٹرکچر پر حملوں کی مذمت کرتا ہے، خطے اور دنیا کے امن کو درپیش ممکنہ خطرات کو روکنے کیلئے غزہ کے محاصرے کا خاتمہ اور جلد از جلد جنگ بندی ضروری ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد تیزی سے نہیں پہنچ رہی، امریکا فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور وقار کے حق کیلئے پُرعزم ہے، حماس کے جنگجوؤں کی کارروائیاں اس حق کو نہیں چھین سکتیں۔