مشرق وسطیٰ کی صورتحال: سعودی ولی عہد سے امریکی سینیٹر کی ملاقات

Published On 22 October,2023 01:41 pm

ریاض : (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ روز ریاض میں امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم سے ملاقات کی ہے ۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز ریاض میں امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم سے ملاقات کی جہاں دونوں نے دو طرفہ تعلقات اور اسرائیل-غزہ تنازع پر تبادلۂ خیال کیا۔

خبررساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے "مشترکہ دلچسپی" کے دیگر امور کے علاوہ غزہ میں جاری فوجی کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا۔

ولی عہد نے غزہ میں کشیدگی کو ختم کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ تشدد مزید نہ پھیلے اور خطے اور دنیا کی سلامتی اور امن پر کوئی اثرات نہ ہوں۔

محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق ملنے کی ضمانت دینے کے لیے امن عمل کو دوبارہ شروع کر کے غزہ میں استحکام کو بحال کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :مصر امن اجلاس:عرب ممالک نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کردیا

ریاض میں ہونے والی میٹنگ میں دیگر دو طرفہ امریکی حکام بھی شریک تھے۔

امریکی وفد کی قیادت ریپبلکن پارٹی کے لنڈسے گراہم کر رہے تھے جنہوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس حملے کے بعد مشرق وسطی میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر بات چیت کے لیے دورہ کیا۔

امریکی سینیٹر کے دفتر نےکہا تھا کہ خلیجی خطے کے استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے تحفظ میں امریکہ اور سعودی عرب کا مشترکہ مفاد ہے اور یہ وسیع علاقائی اور عالمی مسائل پر قریبی مشاورت کرتے ہیں۔ خطے کے پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کرنے میں سعودی عرب اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس دورے میں شریک قانون سازوں میں رچرڈ بلومینتھل، کوری بکر، کیٹی برٹ، بین کارڈن، سوسن کولنز، کرس کونز، جیک ریڈ، ڈین سلیوان اور جان تھیون شامل ہیں۔