سونے کے زیورات اورآرائشی اشیاء پرقرآنی آیات تحریر کرنے پر پابندی عائد

Published On 20 October,2023 12:37 pm

ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب میں سونے کے زیورات اور آرائشی اشیاء پر قرآنی آیات تحریر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق پابندی سعودی عرب کے مفتیٔ اعلیٰ اور وزیرِ داخلہ کی جانب سے جاری ہدایات پر لگائی گئی ہے۔

سعودی وزیر داخلہ نے تاکید کی ہے کہ ( اللہ ) کا نام ایسے کسی بھی کاغذ، برتن یا سامان پر تحریر نہ کیا جائے جسے عام طور پر لوگ استعمال کر کے ضائع کر دیتے ہیں۔

سعودی عرب کے مفتیٔ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ قرآنی آیات انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کی گئی ہیں، اس مقصد کے سوا کسی اور کام میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے لہٰذا کسی بھی صورت میں قرآنی آیات کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے دارالافتا نے 2015 میں اللہ تعالی کے نام اور صفات کے موضوع پر فتوی جاری کیا تھا جس کے تحت پابندی لگائی گئی تھی کہ اللہ کے نام اور صفات ایسی کسی بھی جگہ یا کسی بھی کاغذ یا برتن وغیرہ پر تحریر نہ کیے جائیں جن سے ان کی تعظیم نہ ہوپاتی ہو اور جنہیں کسی نہ کسی شکل میں نظر انداز کرنے کی وجہ سے ان کی بے حرمتی ہوتی ہو۔