ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے غزہ کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے جس میں درجنوں افراد شہید ہوگئے۔
خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ سعودی عرب اسرائیلی قابض افواج کی طرف سےمحصور غزہ کی پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو غیر انسانی طور پر نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں :غزہ: اسرائیلی فورسز کی پناہ گزین کیمپ پر بمباری، مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ پر وحشیانہ بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے زمینی حملے ناکام ہونے پر فضائی حملے تیز کر دیئے ہیں، غزہ میں 45 فیصد رہائشی مکان، عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں، صیہونی فورسز نے ترک فلسطین دوستی کینسر ہسپتال پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں ہسپتال ملبے کا ڈھیر بن گیا، اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر فاسفوس بم برسانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر ایک غیر معمولی حملہ کیا گیا تھا، اسرائیل نے حماس کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے مسلسل بمباری جاری رکھی ہوئی ہے، غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اب تک 9ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔