تہران : (ویب ڈیسک ) ایرانی وزیر دفاع محمد رضا عشتیانی نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ میں فوری جنگ بندی نہ کی گئی تو امریکہ کو سخت نقصان ہو گا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکہ کیلئے یہ ایرانی انتباہ ایران کے ریاستی میڈیا کی طرف سے رپورٹ کیا گیا ہے ، جس میں ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارا امریکیوں کو مشورہ ہے کہ غزہ میں جنگ کو فوری روکے اور جنگ بندی کا نفاذ کریں بصورت دیگر امریکہ کو سخت نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے ایران فلسطینیوں کا حامی ہے اور اسرائیل اسے حماس کا اسلحہ سپلائر اور مالی اعتبار سے سب سے اہم فنانسر سمجھتا ہے، ایران بھی امریکہ کو اسرائیل حماس جنگ میں شریک قرار دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پرایک رات میں ڈھائی ہزار حملے، مزید280 فلسطینی شہید
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں ایک مرتبہ پھر ہسپتالوں کے اطراف شدید بمباری کردی اور غزہ پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مواصلاتی لائنوں کو تیسری مرتبہ منقطع کر دیا۔
اسرائیل غزہ شہر کے شمال، مغرب اور جنوب مشرق کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے حملے کر رہاہے جس میں شہادتوں کی تعداد 9ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں جبکہ 32 ہزار زخمی ہیں ۔