حوثی باغیوں نے یمنی فضائی حدود میں امریکی ڈرون مار گرایا

Published On 09 November,2023 10:07 am

صنعا: (ویب ڈیسک ) یمن کے حوثی باغیوں نے یمنی سمندری حدود کے اوپر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو مارگرایا، امریکا کی جانب سے ڈرون تباہ کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں حوثی باغیوں کا کہنا تھا کہ ہمارے ائیر ڈیفنس نے یمن کی سمندری حدود میں اسرائیل کی مدد کیلئے پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو تباہ کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکا کی اس طرح کی سرگرمیاں ہمیں اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت کے خلاف کارروائیوں سے نہیں روک سکتی۔

حوثی حکام نے امریکی ڈرون طیارہ مار گرائے جانے کی ویڈیو بھی جاری کردی، امریکی ڈرون طیارہ یمن کی فضائی حدود میں جاسوسی سرگرمیوں کی غرض سے داخل ہوا تھا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے تصدیق کردی ہے کہ امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو یمن کے قریب بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم امریکا کی جانب سے حملے کے ذمہ داروں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مارے گرائے جانے والے امریکی ڈرون کی قیمت تقریباً 16 ملین ڈالر ہے اور اسے امریکہ کا بہترین ڈرون طیارہ شمار کیا جاتا ہے جو مسلسل 27 گھنٹے سے زائد پرواز کر سکتا ہے۔